Chilli Land Preparation مرچ کی فصل کیلئے زمین کی تیاری

Skyline-2 Land Preparation

اس آرٹیکل میں آپ جان پائیں گے:

  • زمین کا فارغ رکھنا کیوں ضروری ہے؟
  • زمین کی تیاری کیلئے کیا اقدامات کرنے چاہیے؟
  • مرچ کی فصل کیلئے کس قسم کی زمین فائدہ مند رہتی ہے؟
  • پاکستان میں زمین کی کتنی اقسام ہیں ؟
  • مرچ کی فصل کیلئے پانی کا کتنا استعمال کرنا چاہیے؟
  • زمین کو زیرو لائن پر لانا کیوں ضروری ہے؟
  • گہرے ہل لگانے کے کیا فوائد ہیں ؟

زمین کا فارغ رکھنا:

زمین کی تیاری میں کاشت سے پہلے زمین کو کچھ عرصے کیلئے فارغ رکھنا بہت ضروری ہے۔ کیونکہ اس وقت میں زمین اپنی طاقت کو دوبارہ سے بحال کر لیتی ہے، نئی فصل کی بڑھوتری ممکن ہوتی ہے اور پھل کی مقدار میں بھی خاطر خواہ اضافہ ممکن ہو جاتا ہے۔ زمین کو کم از کم ڈیڑھ سے دو ماہ فارغ ضرور رکھنا چاہیے۔ خصوصاً مرچ کی فصل زمین سے کافی طاقت لیتی ہے۔ Skyline2 ہو یا Golden Hot ایسی مرچ کی اقسام ہیں جن کیلئے زمین کا طاقتور ہو نا ضروری ہے۔

"ایک اور بات کا زمینداروں کو بہت زیادہ خیال رکھنا چاہیے، چھوٹی فصلیں یا چھوٹے منافع کیلئے بڑے منافع کو ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ یعنی مرچ کی ایکڑ پیداوار پہ کافی پیسے لگتے ہیں، اور دو مہینے زمین کو فارغ رکھنے سے بہتر ہے گھاس یا کوئی ایسی فصل کو کاشت کر لیا جائے جو کہ آپ کی زمین کو مرچ کی کاشت سے پہلے فارغ کر دے تو یہ فیصلہ بالکل غلط ہے۔"

زمین کی تیاری ۔۔۔ ایک اہم ترین مرحلہ

جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ میں آپ کو مرچ کی فصل کیلئے زمین کی تیاری کے بارے میں آگاہ کرنے لگا ہوں۔ یہ بہت اہم مرحلہ ہے ۔۔۔ اگر زمین صحیح طریقے سے تیار نہ ہو تو نہ صرف پودے آہستہ بڑھتے ہیں، پھل کم لگتے ہیں، بلکہ مرچ فنگس کا شکار ہو جاتی ہے۔ زمین کا نہایت اچھا خشک ہونا اور اچھے سے تیار ہونا بہت ضروری ہے۔ فنگس کی بیماری دھوپ لگنے سے کم ہو جاتی ہے۔ مرچ کی فصل کو بڑھوتری اور اچھا پھل اٹھانے کیلئے زمین کی کافی طاقت درکار ہوتی ہے۔

فصلوں کا انتخاب

اس کیلئے بہترین اصول یہ ہے جیسے ہی آپ پرانی فصل کو کاٹیں اس کے بعد مرچ کی فصل کیلئے زمین کی تیاری کا آغاز کردیں۔ یعنی پرانی فصل ایسی لگائیں گے جو کہ مرچ کی کاشت سے دس دن پہلے کاٹی جائے گی تو زمین اچھے طریقے سے نہیں بن پائے گی، لہذا کوشش یہ کرنی چاہیے ایسی فصل کاشت کریں جو کہ زمین کو دو مہینے پہلے فارغ کر دے تو یہ زمین اور فصل دونوں کیلئے بہت اچھا ہوگا۔

زمین کا انتخاب:

ہمارے پاکستان میں تین قسم کی زمینیں ہیں: نرم مہرا زمین، دوسری درمیانے وٹ کی زمین کہلاتی ہے اور تیسری پکے وٹ کی زمین کہلاتی ہے۔

پکے وٹ کی زمین میں پانی زیادہ استعمال نہیں ہوتا ہے یعنی جلدی خشک نہیں ہوتا۔ اس لئے یہ زمین مرچ کیلئے موزوں نہیں ہے۔ آپ کو مرچ کی کاشت کرنے کیلئے نرم مہرا زمین یا درمیانے وٹ کی زمین کا انتخاب کرنا چاہیے۔ اس کیلئے ایسی زمینیں جو نہر کے نزدیک ہوں، وہ خاص طور پر مرچ کی کاشت کیلئے کارآمد ہوتی ہیں۔ کیونکہ ان زمینوں میں نہری پانی کے ذریعے جپسم وغیرہ یا سلفر، اور دوسری زبان میں جن کو "آٹ" بولتے ہیں وغیرہ مٹی میں شامل ہوتی ہیں، اور یہی وجہ ہے کہ نہر کے قریب یہ زمینیں نرم ہوتی ہیں۔

ایک ہی فصل کو زمین میں بار بار کاشت نہ کریں :

اچھی فصل کیلئے اہم نقطہ یہ ہے کہ بار بار ایک ہی زمین میں مرچ کی فصل کو بار بار کاشت کرنے سے اجتناب کریں۔ مثال کے طور پر اگر اس سال اپنی زمین میں مرچ کاشت کی تو اگلے سال کوئی اور فصل کاشت کریں اور اس کے بعد پھر سے مرچ کاشت کریں۔ ویسے یہ زیادہ بہتر ہوگا کہ ایک ایکڑ میں مرچ کاشت کرنے کے بعد دو سال کیلئے اس میں مرچ کاشت نہ کریں اور جب آپ وہاں کوئی اور فصلیں کاشت کرلیں گے تو زمین مرچ کیلئے اپنی طاقت کو پھر سے بحال کر لے گی اور مرچ کی فصل میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہو سکے گا۔

گہرے ہل لگوائیں :

زمین کی تیاری میں ایک اہم کام یہ بھی ہے کہ گہرے ہل لگوائے جائیں، اس کو زیرو لائن پر لانا بہت ضروری ہے یعنی زمین کا لیول ٹھیک کروانا بہت ضروری ہے۔ Skyline-2 Land Preparation - Ploughingپاکستان میں آج کل ایسی زیرو لائن کی مشینیں آچکی ہیں جوکہ زمین کی سطح کو برابر کر دیتی ہیں ان کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ تمام کھیلوں کو برابر پانی لگتا ہے اور اگر تمام کھیلوں کو برابر پانی نہیں لگے گا تو اس کا نقصان یہ ہوگا کہ کچھ کھیلوں میں پانی اوپر چڑھ جاتا ہے اور مرچ کی جڑ کو پانی سے بچانا بہت ضروری ہے، اس کو صرف نمی ملنی چاہیے جس کو ہم "سیبا" بولتے ہیں۔

پانی کے استعمال کا طریقہ:

مرچ کی فصل کو زیادہ پانی کی ضرورت نہیں ہوتی ہے۔ جب ہم پانی لگا رہے ہوتے ہیں اور جس طرف سے ٹوکا لگاتے ہیں اور پانی کا بہاؤ شروع کرتے ہیں ان کھیلوں پر پانی زیادہ چڑھ جاتا ہے اور باقی والی کھیلوں میں پانی کم چڑھتا ہے۔ Skyline-2 Land Preparation - Irrigationاس کا سادہ سا فارمولا یہ ہے کہ جب ایک یا دو کھیلوں میں پانی رہتا ہو تب پانی کو روک دیں۔ اس کا دوسرا اور بہترین حل یہ بھی ہے اپنی زمین کو دو دو کنال میں تقسیم کر دیں اور ہر دو کنال کو الگ سے پانی دیں۔ اس سے کسی بھی کھیل میں زیادہ پانی نہیں چڑھے گا، اور کھاد بھی اگر آپ پانی میں بہاتے ہیں تو اس سے کھاد بھی برابر تمام پودوں کو ملے گی۔ اگر آپ کھاد کو ٹُکے کے سامنے رکھ دیتے ہیں تو کبھی شروعات میں پودوں کو زیادہ پانی لگ جاتا ہے اور کبھی آخر میں ۔۔۔ اسطرح کھاد کا تمام پودوں کو برابر لگنا ضروری ہے۔

اور جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ مرچ ایک اہم فصل ہے اور فروری میں اس کی کاشت کرنے کا بہترین وقت ہوتا ہے۔ اپنے اگلے آرٹیکلز میں فصلوں سے منسلک تمام مسائل کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔